واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا نے خلیجی رہنماؤں کی درخؤاست پر ایران پر منگل سے شروع ہونے والا حملہ مؤخر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ قطر، سعودی عرب اور یو اے ای نے ان سے حملہ مؤخر کرنے کی درخواست کی۔ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ قطری امیر تمیم بن حمد الثانی، سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے انہیں ایران کے خلاف فوجی حملے کو روکنے کا کہا۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایران کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں اور اسی وجہ سے حملہ روکنے کی درخواست کی گئی۔ خلیجی رہنماؤں کی رائے میں امریکا، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کیلئے قابل قبول معاہدہ طے پاسکتا ہے لیکن مجوزہ معاہدے کی اہم شرط یہ ہوگی کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔
بیان میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈینئل کین اور امریکی فوج کو حکم دیا ہے کہ ایران پر کل ہونے والا حملہ فی الحال منسوخ کر دیا جائے لیکن اگر کوئی قابل قبول معاہدہ نہ ہوا تو امریکا بڑے پیمانے پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کیلئے فوری طور پر تیار ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








