ایس ایچ او معطل! ایف آئی اے کا ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے سے فارغ مگر رباب قاضی پر مہربانی برقرار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے علاقے صدر میں صرافہ بازار میں ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران ایک تاجر پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ادارے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر علی مردان کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور واقعے میں ملوث افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کراچی زون کے ڈائریکٹر نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس میں شامل اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کیے۔ ان احکامات کے بعد فوری طور پر دو افسران کو معطل کر دیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اینٹی کرپشن سرکل کراچی کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید علی مردان شاہ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ہیڈکوارٹر بھیج دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر رباب قاضی کو ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل سے منتقل کرکے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل کے ایس ایچ او محمد اقبال پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں جبکہ واقعے کے دوران ایک شہری کو تھپڑ مارنے میں ملوث ایک نجی شخص کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ادارے نے اس واقعے میں موجود تمام افسران اور اہلکاروں کے خلاف مکمل محکمانہ انکوائری شروع کر دی ہے تاکہ پورے معاملے کی شفاف، غیر جانبدار اور تفصیلی تحقیقات ممکن بنائی جا سکیں۔

Related Posts