لاہور: پنجاب کی مریم نواز حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقعے پر صوبے بھر میں سری پائے جلانے اور بھوننے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔پابندی کا اطلاق دفعہ 144 کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری پائے جلانے اور بھوننے پر پابندی کا نوٹیفکیشن محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے جاری کیا۔ صوبے بھر مں دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے جلانا سخت ممنوع قرار دے دیا گیا۔
محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عوامی مقامات پر سری پائے جلانے کے نتیجے میں شدید ماحولیاتی آلودگی اور زہریلا دھواں جنم لیتا ہے اور انسانی صحت کیلئے ضرر رساں اثرات کا باعث بنتا ہے۔
حکام کا ماننا ہے کہ مریم نواز حکومت کے اس اقدام کا مقصد عوامی مقامات پر سری پائے جلانے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی آلودگی روکنا ہے۔ حکام نے تمام ڈی سیز اور لوکل گورنمنٹ افسران کو پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








