ایک اور لڑکی تیز رفتار بس کا شکار! جانیں کراچی میں ٹریفک حادثات کے خوفناک اعداد و شمار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے علاقے لانڈھی جوگی موڑ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل چلانے والی ایک نوجوان خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی جس کے بعد شہر میں رواں سال اب تک ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 390 ہوگئی۔

پولیس حکام کے مطابق نوجوان لڑکی موٹر سائیکل پر سفر کر رہی تھی کہ اسی دوران ایک کوچ نے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔پولیس حکام نے بتایاکہ حادثے کے بعد کوچ ڈرائیور امجد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ کوچ اور موٹر سائیکل دونوں کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت 25 سالہ حرا کے نام سے ہوئی ہے؎ جو جوگی موڑ کے قریب ہی رہائش پذیر تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب شہر میں بڑھتے ہوئے جان لیوا ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار بھی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کر رہے ہیں۔ چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان شاہد چھیپا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے باعث مجموعی طور پر 390 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق افراد میں 293 مرد، 49 خواتین، 37 بچے اور 11 بچیاں شامل ہیں جبکہ اسی عرصے کے دوران 4 ہزار 304 افراد زخمی بھی ہوئے۔

زخمیوں میں 3 ہزار 301 مرد، 742 خواتین، 195 بچے اور 66 بچیاں شامل بتائی گئی ہیں، جو شہر میں ٹریفک حادثات کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔

ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق ہیوی ٹریفک سے جڑے مہلک حادثات میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ رواں سال اب تک بھاری گاڑیوں کی زد میں آ کر 128 افراد جان گنوا چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 62 اموات ٹریلر کی ٹکر سے ہوئیں جبکہ واٹر ٹینکرز کے باعث 34 افراد زندگی سے محروم ہوئے۔ اسی طرح مزدا اور بس حادثات میں 13، 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ڈمپرز کی ٹکر سے 6 شہری اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔

Related Posts