نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) کے حصول کے لیے دفاتر جانے کے بجائے اس کی موبائل ایپ پاک آئی ڈی استعمال کریں تاکہ یہ سہولت گھر بیٹھے آسانی سے حاصل کی جا سکے۔
آگاہی پیغام کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے صارفین اپنے اسمارٹ فون سے براہِ راست ایف آر سی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں مطلوبہ آپشن منتخب کرکے دستاویز کو ڈیجیٹل شکل میں وصول کر سکتے ہیں جس سے عمل مزید تیز اور سہل ہو جاتا ہے۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو شناختی خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا، دفاتر میں انتظار کے وقت کو کم کرنا اور ملک بھر میں ڈیجیٹل گورننس کے نظام کو فروغ دینا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین اپنی درخواستوں کی صورتحال بھی دیکھ سکتے ہیں اور دیگر شناختی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
نادرا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تیز تر پراسیسنگ اور بہتر سروس ڈیلیوری کے لیے اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کریں۔ کسی بھی رہنمائی یا مدد کیلئے شہری ہیلپ لائن1777 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا سرکاری ویب سائٹ www.nadra.gov.pk سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








