عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات کے اعلان نے ایک نیا بحثی ماحول پیدا کر دیا ہے جہاں مختلف صوبائی اور وفاقی فیصلوں کے باعث شہریوں میں الجھن اور بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔ عید کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ سرکاری چھٹیوں کے شیڈول پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
سندھ اور خیبر پختونخوا حکومتوں کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر چار روز کی عام تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ عید کے تیسرے روز یعنی 29 مئی کو سرکاری دفاتر کھول دئیے جائیں جس پر عوامی حلقوں میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے۔
شہباز حکومت کے اس فیصلے کے بعد شہریوں میں خاصی بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔ عوام کا مؤقف ہے کہ اسلام میں عیدالاضحیٰ کے تین دن قربانی کی اجازت دی گئی ہے تاہم 29 مئی کو چھٹی نہ دینے کے فیصلے کو بعض افراد مذہبی روایات کے برعکس اور غیر مناسب قرار دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے باضابطہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے منگل سے جمعہ تک چار روز کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق صوبے میں سرکاری ادارے ان ایام میں بند رہیں گے۔
اسی طرح سندھ حکومت نے بھی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق صوبے میں 26 مئی سے 29 مئی تک چار دن سرکاری چھٹیاں ہوں گی۔ اس فیصلے کو عید کی مناسبت سے انتظامی سہولت کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی جبکہ منگل 26 مئی کو یوم عرفہ ہوگا جو حج کے مناسک میں اہم دن سمجھا جاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








