عید الاضحیٰ پر گلیوں و سڑکوں پر آلائشیں مت پھینکنا ورنہ! 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید الاضحیٰ کے دنوں میں سڑکوں، گلیوں، نالوں اور نہروں میں جانوروں کا فضلہ اور آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور شہری ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوں نے پنجاب بھر کے انتظامی اور پولیس افسران کو ہدایت دی کہ عید کے ایام میں فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ سیکیورٹی، صفائی اور عوامی سہولت کے انتظامات موثر طریقے سے مکمل کیے جا سکیں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ قربانی کے جانوروں کی فروخت صرف مخصوص مویشی منڈیوں تک محدود رکھی جائے جبکہ غیر قانونی اور غیر مجاز مقامات پر جانوروں کی خرید و فروخت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ کالعدم تنظیموں کی جانب سے کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور کھال جمع کرنے والے کیمپس میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی سخت پابندی نافذ کی جائے۔ حساس علاقوں میں خصوصی سیکیورٹی اور سرچ آپریشنز کی ہدایت بھی دی گئی ہے جبکہ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عید گاہوں اور مساجد میں گلاب کا پانی چھڑکا جائے اور ریلوے کالونیوں، کینٹ علاقوں اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ عید کے دوران پانی کی بلاتعطل فراہمی، بس اڈوں اور بسوں میں کرایہ ناموں کی نمائش اور ایئرپورٹس کے قریب کچرا کنڈیوں کو ڈھانپنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پورے صوبے میں عارضی جھولوں پر پابندی ہوگی جبکہ پارکوں میں لگائے گئے جھولوں اور تفریحی جھولوں کی حفاظتی جانچ لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے سائبر پیٹرولنگ بڑھانے کی بھی ہدایت دی گئی۔

تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو عید ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی اور واضح کیا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related Posts