لاہور میں پاکستان کی نئی اور منفرد ہارر ایکشن فلم زومبیڈ کی تشہیری مہم کے دوران شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا، فلم کے ہیرو فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی آمد پر مداحوں نے پرتپاک استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کے بینر تلے بننے والی زومبیڈ کے فنکاروں کے ساتھ سیلفیز اور ملاقات کیلئے فلم بینوں کا ہجوم امڈ آیا۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار فہد مصطفیٰ نے کہا کہ زومبیڈ فلم نہیں بلکہ پاکستانی سینما کیلئے نئے تجربے کا آغاز ہے۔
گفتگو کے دوران فہد مصطفیٰ نے کہا کہ اس فلم میں ملک کے مختلف ثقافتی رنگ بھی دیکھے جاسکتے ہیں، بلکہ فلم میں سندھی، پنجابی اور پشتون سمیت ہر قسم کے زومبی دیکھنے کو ملیں گے، جو اسے دیگر عالمی زومبی فلموں سے منفرد بنانے کیلئے ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ فلم کے دیسی زومبیز مغربی زومبیز سے زیادہ تیز اور خطرناک ہیں کیونکہ وہ آواز سنتے ہی حملہ کردیتے ہیں۔ فلم میں خوف، سنسنی، مزاح اور رومانس کا امتزاج پاکستانی ناظرین کیلئے بالکل نیا تجربہ ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر و مصنفہ فضا علی مرزا کی یہ فلم پاکستانی سنیما کی پہلی بڑے پیمانے کی مین اسٹریم زومبی تھرلر قرار دی جارہی ہے۔ فلم کی کہانی کراچی میں ایک پراسرار وائرس کے پھیلاؤ کے گرد گھومتی ہے، جو ایک جم سے شروع ہو کر زومبی تباہی کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








