لاہور میں شہریوں سے عیدی کے بہانے رقم طلب کرنے کے الزامات سامنے آنے پر ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق رشوت خور اہلکاروں کو بھیک مانگنے اور اختیارات کے غلط استعمال کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں بشمول شاہدرہ اور اسلام پورہ میں پولیس اہلکاروں نے شہریوں سے عیدی کے نام پر رقوم وصول کیں، اس انکشاف کے بعد معاملے کی محکمانہ سطح پر مکمل انکوائری کی گئی، جو اب مکمل ہو چکی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق الزامات ثابت ہونے پر دونوں متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے اور ملوث اہلکاروں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ اہلکاروں کے خلاف گداگری ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی جاری ہے، جبکہ محکمانہ سطح پر بھی سخت تادیبی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ شہریوں سے ناجائز رقم لینے والے اہلکار محکمہ پولیس میں کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اختیارات کے غلط استعمال اور عوام کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








