ملک بھر میں فضائی آپریشن متاثر، متعدد شہروں میں 80 سے زائد پروازیں منسوخ

تازہ ترین

تازہ ترین

پی آئی اے
(فوٹو: آن لائن)

ملک بھر میں آج بھی فضائی آپریشن شدید متاثر رہا، جس کے باعث اندرونِ ملک اور بین الاقوامی سطح پر مجموعی طور پر 83 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ صرف 430 پروازیں اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہونے میں کامیاب رہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، اسلام آباد، لاہور اور دیگر بڑے شہروں سے سیکڑوں پروازیں چلائی گئیں، تاہم انتظامی مسائل اور آپریشنل رکاوٹوں کے باعث فلائٹ شیڈول میں نمایاں خلل پیدا ہوا اور متعدد پروازیں متاثر ہوئیں۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سے 20، لاہور سے 15، اسلام آباد سے 19 اور ملتان سے 11 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ کوئٹہ، فیصل آباد، پشاور، سکھر اور گلگت سے بھی کئی پروازیں یا تو منسوخ ہوئیں یا ان کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق سامنے آنے والے اعداد و شمار کے تحت ملتان سے 23، پشاور سے 16، سیالکوٹ سے 20، فیصل آباد سے 4 اور کوئٹہ سے 10 پروازیں آپریٹ کی گئیں، تاہم مجموعی فضائی آپریشن معمول کے مطابق بحال نہ ہو سکا۔

رپورٹس کے مطابق بعض روٹس پر مسافروں کی کم تعداد کے باعث جدہ جانے والی 20 سے زائد پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ ایوی ایشن حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور فلائٹ شیڈول کو معمول پر لانے کے لیے ضروری اقدامات جاری ہیں۔

Related Posts