کراچی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ کریک ڈاؤن کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر مختلف اضلاع میں بیک وقت جاری ہے جہاں ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ طور پر آپریشنز میں حصہ لے رہی ہیں۔
حکام کے مطابق شہر بھر میں قائم غیر مجاز مویشی منڈیوں کے منتظمین اور متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی منڈیاں شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی تھیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہاکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کی وجہ سے شہر میں صفائی ستھرائی کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے جس سے شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان غیر قانونی سیٹ اپس کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ شاہ فیصل کالونی میں قائم ایک غیر قانونی مویشی منڈی کے منتظمین کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی سینٹرل میں ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے پیالہ ہوٹل کے قریب قائم مویشی منڈی کو ایک مرتبہ پھر ختم کروا دیا۔ حکام کے مطابق اس مقام سے پہلے بھی دو مرتبہ منڈی ختم کی جا چکی تھی، تاہم بیوپاری دوبارہ سرگرم ہو گئے تھے جس کے بعد دوبارہ منڈی لگنے سے روکنے کے لیے مستقل عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
کراچی سینٹرل کے علاقوں میں بھی کئی غیرقانونی منڈیاں ختم کی گئیں جن میں صبا سنیما، عیسیٰ نگری اور سانگو لین کے اطراف قائم مقامات شامل ہیں۔
ادھر کورنگی میں ڈپٹی کمشنر مسعود بھٹو کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں آپریشن کیے گئے۔ کارروائی کے دوران مخدوم سوسائٹی، کورنگی نمبر 5 پل کے قریب، ناصر جمپ، نیو ٹاؤن تھانے کے اطراف، 16000 روڈ چکر گوٹھ، پنجاب گراؤنڈ شاہ فیصل اور ریٹا پلاٹ شاہ فیصل سے غیر قانونی مویشی منڈیاں ہٹا دی گئیں۔
کراچی کیماڑی میں ڈپٹی کمشنر عامر فراز اویسی نے موری پور ٹرک اسٹینڈ پر قائم ایک بڑی غیر قانونی مویشی منڈی کے خاتمے کی نگرانی کی۔ حکام کے مطابق یہ منڈی وسیع علاقے پر پھیلی ہوئی تھی جس کے باعث ہاکس بے جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہتا تھا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کراچی بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف یہ کریک ڈاؤن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام غیر مجاز منڈیوں کا مکمل خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








