سرمایہ کاروں پر صبح سویرے دھن برسنے لگا! اسٹاک مارکیٹ میں دھواں دھار تیزی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے سے متعلق مثبت پیش رفت کی خبروں کے بعد پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست خریداری دیکھی گئی جس کے باعث کاروبار کے ابتدائی لمحات میں ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3600 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 9 بج کر 34 منٹ تک کے ایس ای-100 انڈیکس 171,456 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا جو 3,611 پوائنٹس یا 2.15 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

مارکیٹ میں تقریباً تمام بڑے شعبوں میں سرمایہ کار متحرک دکھائی دئیے جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں شامل تھیں۔ انڈیکس پر اثر رکھنے والے اہم شیئرز جیسے ایچ بی ایل، ایم سی بی، میزان بینک، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پول اور حبکو بھی مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔

گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں محدود مگر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا، کیونکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات کے امکانات بڑھنے سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی، حالانکہ معاشی دباؤ بدستور موجود رہے۔

ہفتہ وار بنیادوں پر کے ایس ای-100 انڈیکس 2,248.19 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 167,844.25 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر بھی پیر کے روز اسٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی جبکہ امریکی ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایران جنگ کے خاتمے کیلئے ممکنہ معاہدے کی امید نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا تاہم آبنائے ہرمز کے دوبارہ مکمل طور پر کھلنے سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں محتاط رجحان برقرار رہا۔

مشرق وسطیٰ میں تقریباً تین ماہ سے جاری تنازع نے توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا اور عالمی مالیاتی منظرنامے کو بھی متاثر کیا کیونکہ تہران کی جانب سے اہم سمندری گزرگاہ کی مؤثر بندش کے بعد مہنگائی سے متعلق خدشات مزید شدت اختیار کر گئے۔ اس راستے سے دنیا بھر میں تیل اور ایل این جی کی بڑی مقدار گزرتی رہی ہے۔

عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جہاں نیسڈیک فیوچرز میں 1.2 فیصد جبکہ ایس اینڈ پی فیوچرز میں 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جاپان کا نکئی انڈیکس 3 فیصد بڑھ کر پہلی بار 65 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا جبکہ ایشیا پیسیفک شیئرز کا ایم ایس سی آئی انڈیکس بھی ایک فیصد اوپر چلا گیا۔

Related Posts