انڈین ایئر لائن انڈیگو کی فلائٹ اٹینڈنٹ کی جانب سے دوران پرواز مسلمان بزرگ مسافر کی مدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
کولکتہ سے حیدرآباد جانے والی انڈیگو کی پرواز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں کیبن کریو بزرگ مسلمان مسافر کی ٹوٹی ہوئی عینک گوند اور ٹیپ کی مدد سے جوڑ رہی ہے۔ یہ واقعہ انڈیگو کی فلائٹ اٹینڈنٹ مادھوی چیگورو کے ساتھ پیش آیا۔
انہوں نے دورانِ سفر اکیلے سفر کرنے والے مسلمان بزرگ کو پریشان دیکھا کیونکہ عینک ٹوٹنے کی وجہ سے انہیں کھانا کھانے اور دیگر ضروری کام کرنے میں شدید دشواری کا سامنا تھا۔ مادھوی نے مسافر کی بے چینی کو بھانپتے ہوئے خود آگے بڑھ کر مدد کی پیشکش کی تاکہ فلائٹ کے بقیہ وقت میں انہیں آسانی ہو سکے۔
فلائٹ اٹینڈنٹ نے بتایا کہ انہیں سب سے پہلے تب اندازہ ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے جب انہوں نے مسافر کو بار بار اپنی عینک درست کرتے ہوئے دیکھا جب انہوں نے جا کر پوچھا تو معلوم ہوا کہ عینک کا فریم ٹوٹ چکا ہے۔ جہاز میں محدود وسائل ہونے کے باوجود انہوں نے ناخن جوڑنے والی گوند اور ٹیپ کا استعمال کیا اور عینک کو عارضی طور پر جوڑ دیا تاکہ لینڈنگ تک مسافر کا کام چل سکے۔
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بڑی مہارت اور توجہ سے عینک ٹھیک کر رہی ہیں اور پھر مسافر کو واپس کرتی ہیں، جس پر مسافر نے گہرے سکون اور شکر گزاری کا اظہار کیا۔ مادھوی نے بتایا کہ مسافر اکیلے سفر کر رہے تھے اس لیے پورے سفر کے دوران عملے نے ان کا خیال رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاز سے اترتے وقت مسافر کی جانب سے ملنے والی تعریف اور دعاؤں نے اس تجربے کو ہمیشہ کے لیے یادگار بنا دیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس بات پر زور دیا کہ فلائٹ اٹینڈنٹس کا کام صرف معمول کی ڈیوٹی تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ مسافروں کی دیکھ بھال کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








