شاہ محمود قریشی کا عمان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، کورونا سے ملکر نمٹنے پر اتفاق

تازہ ترین

تازہ ترین

FM Qureshi and his omani counterpart discuss covid-19 situation

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال اور اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال۔

وزیر خارجہ نے عمان حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے بروقت اقدامات کی تعریف کی اوراپنے عمانی ہم منصب کو کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان میں مقیم وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی میں معاونت فراہم کرنے پر عمانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا عمانی ہم منصب سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ موجودہ وبائی تناظر میں ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے مضمرات سےنمٹنے اور کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے ترقی پذیر ممالک کیلئے گلوبل ڈیٹ ریلیف کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل کو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لئے استعمال میں لا سکیں۔

وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں ٹڈی دل حملے کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل بھارتی کرفیو کے باعث 80 لاکھ کشمیریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ چکی ہیں اور بھارت جس طرح مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ  کا ذمہ دار گردان رہا ہے وہ انتہائی افسوس ناک ہے ،عالمی برادری کو اس تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس نے سندھ میں مزید 11 افراد کی جان لے لی، وزیراعلیٰ کی تصدیق

دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا کی وباء سے نمٹنے اور اہم علاقائی امور پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے حوالے سے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Related Posts