پنجاب حکومت کا9 مئی سے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Punjab govt decides to further ease lockdown restrictions from May 9

لاہور : پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس کے دوران 9 مئی سے لاک ڈاؤن پابندی میں مزید نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے اب صوبے میں پائپ ، اسٹیل، اسپیئر پارٹس ، مشینری اور بجلی کے سامان کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔

حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری ، تعمیراتی صنعت اور شیشہ سازوں سے متعلق دکانیں کھولنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ تمام دکانیں ایک خاص وقت کے لئے کھلی رہیں گی۔

صوبائی حکومت نے رمضان کی 15 تاریخ سے 6 گھنٹے کیلئے کپڑے کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور عوام کو بھی پارکوں میں جانے کی اجازت ہوگی لیکن جھولے بند رہیں گے۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ کسی بھی شعبے کو کھولنے کے لئے پہلے ایس او پیز کو نافذ کرنا ضروری ہوگا،اس ضمن میں پنجاب حکومت آٹھ مئی کو باضابطہ اعلان کرے گی۔

اس سے قبل آج گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ناول کورونا وائرس پر قابو پالیا گیا ہے کیونکہ پنجاب اور دیگر تمام صوبوں میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔

گورنر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں طبقاتی اور سیاسی وابستگی سے قطع نظر لوگوں کی مدد کی جانی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں صورتحال کے مطابق اپنی طرز زندگی کو تبدیل کرنا ہوگا کیوں کہ وبا اب بھی موجود ہے اور ہم ایک سخت مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ ہمیں گھر پر رہ کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنی ہے۔

حکومت نے ضرورت مندوں کی مالی مدد کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں کیونکہ پوری قوم ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔ غیر سرکاری تنظیموں نے اب تک پانچ لاکھ پچاس ہزار راشن بیگ تقسیم کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں ہوگا، شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سیاسی اور کاروباری شخصیات بھی لوگوں کی مدد کریں گی ۔

Related Posts