اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ریلیف فنڈ کیلئے پاکستانی قوم کا جوش و جذبہ قابلِ تعریف ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید خان کی ملاقات ہوئی جس کے دوران مسلم ممالک کے درمیان تہذیب و ثقافت پر بات چیت ہوئی۔
سینیٹر فیصل جاوید سے ملاقات میں وزیرِ اعظم نے مسلم ممالک کے درمیان تہذیب و ثقافت اور فنونِ لطیفہ میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ انسانیت کی خدمات کا جذبہ پاکستانی معاشرے کی اصل طاقت اور خوبی ہے۔
فیصل جاوید خان نے وزیرِ اعظم عمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ پر پاکستانیوں کے مثبت ردِ عمل سے آگاہ کیا جس پر وزیرِ اعظم عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانیوں کا جوش و جذبہ کورونا ریلیف فنڈ کیلئے مثبت پیش رفت ہے۔ عوام کے ریلیف فنڈ کیلئے جذبات قابلِ تحسین ہیں۔