آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد، سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور

تازہ ترین

تازہ ترین

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد، سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور
آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد، سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس میں پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس میں دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی کھلے عام حمایت کو بے نقاب کیا جاتا رہے گا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر مثبت پیشرفت اور اس کے اثرات پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مغربی سرحد کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1273248709476855812

کانفرنس میں شریک فوجی سربراہان نے ملک میں تشدد کے واقعات میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظمیوں کی کھلم کھلا حمایت، معصوم کشمیریوں اور مسلمانوں پر ظلم وتشدد کو بے نقاب کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

اجلاس میں کورونا وائرس کے خلاف حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات، پاک فوج کے تعاون، ٹڈی دل کے حملوں کے خلاف آپریشن اور انسداد پولیو مہم پر بھی غور کیا گیا۔

شرکا نے کہا کہ پاک فوج ان آپریشنز میں حکومت کو تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ کورونا وبا کے خلاف ایک قومی سوچ کے ساتھ ہی نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔ ہر شخص کو احتیاطی تدابیر اور اصولوں پر عملدرآمد میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں انھیں اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے معزز مہمانوں، مسلح افواج کے سربراہان کا استقبال کیا۔ اعلیٰ عسکری قیادت کو کنٹرول لائن، مقبوضہ کشمیر اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

Related Posts