راولپنڈی :عدالت میں پیشی کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کئے جانے کے دوران ڈکیتی کے ملزم نے مبینہ طور پر فرار ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔
ملزم کو پرائیویٹ کار میں اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا تھاکہ اچانک اُس نے گاڑی کی ہینڈ بریک کھینچ لی جس سے گاڑی بے قابو ہو کر موٹرسائیکل سے جا ٹکرائی۔
پولیس اور ملزم کے درمیان جھگڑے اور گالم گلوچ کے دوران راہگیروں کا ہجوم اکٹھا ہوگیا۔ ملزم کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف تھانہ ایئر پورٹ میں ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے۔
ملزم کا کہنا تھاکہ پولیس نے اُس کے مخالفین کے سامنے اُس کے سر کے بال اور بھنوئیں منڈوائیں اور پستول کے بٹ مارے۔ خون میں لت پت ملزم عثمان پولیس کو غلیظ گالیاں دیتے ہوئے دل کی بھڑاس نکالتا رہا۔
ملزم کو سب انسپکٹر طاہر عدالت سے اڈیالہ جیل منتقل کر رہا تھا۔ سی پی او راولپنڈی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان تھانہ ایئرپورٹ میں ڈکیتی کے مقدمے کا ملزم ہے جسے عدالت میں پیشی کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ اُس نے ہتھکڑیوں سے خود کو زخمی کیا اور فرار ہونے کے لئے پولیس سے مزاحمت بھی کی۔
مزید پڑھیں:لانڈھی میں بچوں نے ڈاکو پکڑلیا، مارمار کر ادھ موئی حالت میں پولیس کے حوالے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








