نیو یارک: اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو فوری طور پر ہٹانے اور گرفتار حریت رہنماؤں اور مظلوم کشمیریوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقعے پر نیو یارک میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا جس میں برصغیر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی افسوسناک صورتحال اور مودی حکومت کی جارحیت پر گفت و شنید ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے دنیا کومودی کااصل چہرہ دکھایا،چوہدری پرویز الہٰی
بعد ازاں اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے جاری کردہ رکن ممالک کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق او آئی سی رابطہ گروپ نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم کرنے اور گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
او آئی سی اعلامیے کے مطابق رابطہ گروپ نے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور وادی کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو وادی میں جانے کی مکمل آزادی دی جانی چاہئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ آرامکو حملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ایران کو جواب دینے کے لیے تمام آپشنز پر غور کریں گے، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آرامکو تنصیبات پرحملے میں ایرانی ساختہ میزائل استعمال ہوئے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت سے قبل بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ یقین ہے تیل تنصیبات پر داغے گئے میزائل ایرانی ساختہ تھے، اقوام متحدہ تحقیقات کے لیے ماہرین فراہم کرے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے حزب اللہ اور حوثی ملیشیا کو بیلسٹک میزائل فراہم کیے ہیں، خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے ایرانی اقدامات اور رویے کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: تیل تنصیبات پرداغے گئے میزائل ایرانی ساختہ تھے،سعودی وزیرخارجہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








