کراچی میں یومِ عاشور کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات سخت

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں یومِ عاشور کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات سخت
کراچی میں یومِ عاشور کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات سخت

کراچی میں یومِ عاشور کے جلوسوں، مجالس اور ذکرِ حسین علیہ السلام کی محافل کی سیکیورٹی کیلئے انتظامات سخت کردئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس 10 محرم الحرام کے روز (عاشورۂ محرم) کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر فرائض سرانجام دے رہی ہے۔عاشورۂ محرم کے مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں سمیت مرکزی جلوس کی نگرانی کیلئے پولیس کے 6 ہزار 368 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے ریپڈ رسپانس فورس کی 3 کمپنیز بھی جلوسوں کی حفاظت کیلئے ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔ ایس ایس یو (اسپیشل سکیورٹی یونٹ) کے 90 اسنائپرز کو مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

شہرِ قائد میں مجموعی طور پر 513 مجالس اور 281 جلوس برآمد ہوں گے جن کی نگرانی اور سکیورٹی کیلئے 12 ہزار 455 پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہیں جن میں پولیس کے 76 سینئر افسران، 1507 این جی اوز، 9 ہزار 516 ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز جبکہ 412 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

اسپیشل برانچ کے 65 اہلکار، ایس ایس یو کے 800 اہلکار، 90 خواتین کمانڈوز اور ریپڈ رسپانس فورس کی 9 کمپنیز کو ڈیوٹی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر کراچی بھر میں 18 ہزار 823 افسران، جوان اور ریپڈ رسپانس فورس کی 12 کمپنیز عزاداروں کی سکیورٹی پر مامور ہے۔

محرم الحرام کے جلوس کیلئے ٹریفک کے متبادل روٹس سمیت جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے 1 ہزار 95 افسران اور جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ عوام پریشانی سے محفوظ رہتے ہوئے آمدورفت برقرار رکھ سکیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے اردگرد نظر رکھتے ہوئے کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی صورتحال اور اشخاص کی اطلاع پولیس کو مددگار 15 پر فوری طور پر دیں۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت اور قیامِ امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ 

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دُنیا کے ہر ملک میں جہاں جہاں مسلمان بستے ہیں، یومِ عاشور آج مذہبی جوش و جذبےسے منایا جارہا ہے۔

سن 61 ہجری میں  10 محرم الحرام کے روز میدانِ کربلا میں خون کی وہ ہولی کھیلی گئی جس سے تاریخِ انسانی لرز اٹھی لیکن حضرت امام حسینؓ نے اپنے رفقاء کے ساتھ شجاعت و بہادری کی وہ تاریخ رقم کی کہ اسلام اور شریعتِ اسلامیہ ایک بار پھر زندہ ہو گئی۔

مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں یومِ عاشور  آج منایا جارہا ہے

Related Posts