مانچسٹر:ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے کہا ہے کہ میں اپنا تجربہ انگلینڈ کے بولرز کودے کر خوشی محسوس کررہا ہوں۔
اپنے ایک انٹرویومیں اظہر محمود نے کہا کہ کرکٹ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اب مجھے یہ تجربہ واپس دینا ہے، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کرکٹرز انگلینڈ سے ہیں یا پاکستان سے۔
سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے کہا کہ انگلینڈ کے کپتان اور دیگر افراد کو میری مہارت کا علم ہے، پی ایس ایل کی فرنچائز میں کپتان اوئن مورگن کے ساتھ کام کر چکا ہوں۔
خیال رہے کہ اظہر محمود ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہیں۔پاکستان کے خلاف سیریز میں انگلینڈ کی کوچنگ پر اظہر محمود کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
تاہم اس حوالے سے اظہر محمود کا کہنا تھا کہ وہ ایک پیشہ ورانہ باؤلر ہیں، انہوں نے دنیا کی مختلف ٹیموں کی لیگ میں نمائندگی کی ہے اور اپنا کردار جانتے ہیں۔