اسلام آباد :پاکستان میں کورونا وائرس کے سدباب کیلئے تیار ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائلز کا آغازہوگیا، ہزاروں پاکستانی حصہ لیں گے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کے ٹرائلزکے آغاز پر امید ظاہر کی ہے کہ ویکسین کی تیاری سے صحت کے نظام میں بہتری آئے گی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام کا کہنا ہے کہ کلینکل ٹرائلز چین کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیز 2 ٹرائلز میں 508 افراد شریک ہوئے جبکہ8سے10 ہزارپاکستانی تیسرے ٹرائلز میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین میں پولیس اور فوج کے لئے ویکسین کی منظوری دے دی گئی ہے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں کوروناویکسین کے لئے فیز 3 ٹرائلز کا آغاز کیا گیا۔