ملتان :قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ آج سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا،پاکستان کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز ایکشن میں نظرآئیں گے ۔
پہلا میچ ناردرن اور خیبر پختونخوا کے مابین سہ پہر 3 بجے بجے جبکہ دوسرا میچ وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے مابین شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوروناکی وجہ سے غیر معمولی اور مشکل حالات میں ڈومیسٹک سیزن کا اہتمام کیاہے جبکہ پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹرز کی فلاح و بہبود اور معاشی تحفظ کے لئے آئندہ سیزن کے لئے جامع انتظامات کیے ہیں۔
وبائی مرض کی وجہ سے تمام حریفوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹورنامنٹ سخت کوروناپروٹوکول کے تحت کھیلا جائے گا۔
یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا،پہلا مقابلہ 30 ستمبر سے 6 اکتوبر تک ملتان میں اور دوسرا مرحلہ 9سے 18 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
یہ ٹورنامنٹ ملک کے بہترین مختصر فارمیٹ کرکٹرز کو قومی سلیکٹرز کو متاثر کرنے کا ایک موقع بھی فراہم کرتا ہے اور پاکستان سپر لیگ کے فرنچائز مالکان اور انتظامیہ کو2021 سیزن کے پلیئر ڈرافٹ سے قبل اس ایونٹ سے کھلاڑیوں کے انتخاب میں مدد ملے گی۔