اسلام آباد: تھانہ ترنول کا علاقہ جوڑی راجگان نو گو ایریا بن گیا، علاقے میں قبضہ مافیا کا راج،منشیات کے سوداگر دن دہاڑے دندناتے پھرنے لگے، مافیا کو مبینہ طور پر پولیس کے ڈی ایس پی کی سرپرستی حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق ا س علاقے میں تمام جرائم کے پیچھے اس علاقے کے بڑے خان کا ہاتھ ہے، علاقے میں میڈیا کا داخلہ بند ہے، دن دہاڑے قتل اور ڈکتیوں کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔
جوڑی راجگان کے رہائشیوں بشیراحمد اور اورنگزیب زیب سمیت دیگر علاقہ مکینوں نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڑی راجگان میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی اسی مافیا نے بنائی ہے،اس سوسائٹی کا سارا پانی ہمارے گھروں کی طرف کھول دیا جاتا ہے،جس کی وجہ سے ہمارے گھروں میں چار چار فٹ پانی کھڑا رہتا ہے۔
رہائشیوں کا کہنا تھا کہ ہمارے مکانات تباہ ہو چکے ہیں،ان کی بنیادیں کمزور ہوگئی ہیں اور اور تمام مکانات سیم زدہ ہیں،برساتی نالے کے اوپر چھت ڈال کر اس پر بھی قبضہ کر لیا گیا ہے،یہی مافیا اس علاقے میں کھلے عام منشیات فروخت کرتا ہے ڈکیتیاں معمول بن چکی ہیں بھتہ خوری عروج پر ہے۔

ہمارے گھروں کے پاس خان پور ڈیم کا پراجیکٹ بنایا گیا ہے اور ہماری رائٹ سائیڈ پر نیشنل پارک اسلام آباد کی زمین واقع ہے،جبکہ درمیان کا علاقہ زون فور میں آتا ہے اور زون فور میں رہائشی کالونیاں قائم نہیں ہوسکتیں،ہم یہاں کے جدی مقیم ہیں اور مقامی ہیں،لیکن کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ملی بھگت سے یہ ہاؤسنگ سوسائٹی بنادی گئی ہے۔

سی ڈی آئی کے افسران و اہلکار اپنا حصہ وصول کرتے ہیں اور چلے جاتے ہیں اس علاقے میں گورنمنٹ کی زمینوں پر افغانیوں نے قبضے کر رکھے ہیں،ان افغانیوں کو اسی مافیا کی آشیرباد حاصل ہے،افغانیوں نے یہاں ریت اور اینٹوں کے بڑے بڑے گودام بنا رکھے ہیں جن کی آڑ میں یہاں منشیات اسمگل کی جاتی ہے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








