مولانا عادل فاروقی کا قتل، ایڈیشنل آئی جی کی علماء اہلسنت و الجماعت سے ملاقات

تازہ ترین

تازہ ترین

مولانا عادل فاروقی کا قتل، ایڈیشنل آئی جی کی علماء اہلسنت و الجماعت سے ملاقات
مولانا عادل فاروقی کا قتل، ایڈیشنل آئی جی کی علماء اہلسنت و الجماعت سے ملاقات

کراچی: مولانا ڈاکٹر عادل فاروقی کے قتل کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کی جامع مسجد عمر فاروق آمد اور علما کمیٹی کے کو آرڈینیٹر قاری اللہ داد،اہلسنت والجماعت کے صدر مولانا اورنگزیب فاروقی و دیگر سے ملاقات ہوئی۔

پولیس چیف کے ہمراہ ڈی آئی جی ایسٹ نعمان فاروقی اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کے ہمراہ قاری اللہ داد انہیں گاڑی تک رخصت کرنے آئے۔

اس موقع پر قاری اللہ داد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشل آئی جی غلام نبی میمن نے بتایا کہ ڈاکٹر عادل فاروقی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پولیس پوری کوششیں کر رہی ہے اور اس حوالے سے قاتلوں کے خاکے بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلام نبی میمن نے پیش کش کی ہے کہ علما کمیٹی کے 2 ارکان کو تحقیقاتی کمیٹی کی معاونت کے لیے نامزد کردیں تاکہ تحقیقات سے علما کمیٹی بھی آگاہ رہے اور تحقیقات میں معاونت بھی ہوتی رہے۔

قاری اللہ داد نے کہا کہ ابھی ہم نے 2 ارکان کی نامزدگی کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا ہے یہ فیصلہ علما کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قاتلوں کی گرفتاری پولیس کی ذمہ داری ہے اور ہمارا مطالبہ بھی ہے، تاہم کراچی پولیس چیف اس حوالے سے سنجیدہ ہے اور آج ان کی یہاں آمد اس بات کی دلیل ہے۔

انہوں نے غلام نبی میمن کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا،ہڑتال کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ میں جب کوئی بات کرتا ہوں تو میڈیا کاٹ دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ میڈیا آدھا سچ نہیں پورا سچ دکھائے اور جو بات کی جاتی ہے اسے پورا پیش کیا جائے کیوں کہ یہ عوام کی امانت ہوتا ہے اس میں خیانت مناسب نہیں ہے۔

قاری اللہ داد نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کی روانگی کے بعد نماز عصر ادا کر کے علما کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

Related Posts