کراچی :سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر انجینئر نثار احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ای او بی آئی سمیت دیگر اداروں کی جانب سے آڈٹ کے نام پر صنعتکاروں کو ہراساں کرنے کو نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ای او بی آئی و دیگر اداروں کے آڈٹ کم ازکم 2سال کے لیے مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کریں تاکہ صنعتکار برادری کورونا وبا سے پیدا ہونے والی سنگین معاشی صورتحال کا مقابلہ کرتے ہوئے پیداواری سرگرمیوں کو بلارکاوٹ بحال کرسکیں۔
انجینئر نثار احمد خان نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے اپیل میں کہاکہ سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے ممبران نے یہ شکایات کی ہیں کہ ای او بی آئی کے اہلکار صنعتوں کو آڈٹ کے نوٹسز بھیج رہے ہیں اور مسلسل دباؤ ڈالا جارہاہے جس سے صنعتکار برادری الجھن کا شکار ہوگئی ہے جو کورونا وبا سے ہونے والے خطیرمالی نقصانات کے باوجود پیداواری سرگرمیاں بحال کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام صنعتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ فروری سے اب تک اپنی بقا قائم رکھنے کی جدوجہد کرنے کے باوجود اب بھی مکمل طور پر پیداواری سرگرمیاں بحال کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں جبکہ وفاقی وصوبائی حکومتوں کے سپورٹ پیکیجز کے باوجود توانائی کے بحران نے اس صورتحال کو مزید خراب کردیا۔
صدر سائٹ سپرہائی وے نے مزید کہاکہ صنعتکاروں کی وزیر اعظم عمران خان سے حالیہ ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے صنعتوں کی بحالی میں سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے یہ امید کی جارہی تھی کہ حکومت ریلیف فراہم کرتے ہوئے ایسے اقدامات عمل میں لائے گی جس سے پیداواری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں آسانیاں میسر آئیں گی مگر ای اوبی آئی اور دیگر اداروں کی جانب سے نوٹسز کے نام پر صنعتکاروں کومسلسل ہراساں کرنے سے بے چینی پائی جارہی ہے جس کا وزیراعظم کو ضرور نوٹس لینا چاہیے۔
انجینئر نثار احمد خان نے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکومت کی دلچسپی کومدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی کہ وہ ای او بی آئی سمیت دیگر اداروں کو کم از کم 2 سال کے لیے آڈٹ مؤخر کرنے کی ہدایت کریں تاکہ صنعتوں کی بحالی اور قومی معیشت میں شراکت اور ورک فورس کو برقرار رکھا جاسکے۔
انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی درخواست کی وہ وزیر اعظم کے مشیر سید ذوالفقار عباس بخاری سے جلد از جلد ملاقات کرکے ای او بی آئی سے متعلق بڑھتے ہوئے مسائل کو ہنگامی بنیاد پر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔