لاہور :پنجاب حکومت نے حفیظ سینٹر میں آگ لگنے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے 2 ارب روپے کے امدادی پیکیج کا منصوبہ بنایا ہے۔ کمشنر آفس نے آتشزدگی سے ہونے والے نقصان سے متعلق رپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ارسال کردی۔
رپورٹ کے مطابق متاثرین کو متبادل دکانیں دینے کے لئے ایک ورکنگ پیپر تیار کیا گیا ہے اور تجارتی مرکز کو ہونے والے مجموعی نقصان کا تخمینہ 2 ارب روپے لگایا گیاہے۔ پنجاب حکومت متاثرین کوپنجاب بینک سے مالی اعانت کی سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب روزگار اسکیم کے تحت 5 فیصد مارک اپ پر آسان قرض دیا جائے گا اور پنجاب حکومت قرض کا 8 فیصد سبسڈی کے طور پر برداشت کرے گی۔
یہ قرض 5 سے 8 سال تک کی آسان شرائط پر فراہم کیا جائے گا۔ دکانوں کے مالکان اگر چاہیں تو فوری طور پر متبادل دکان بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
حفیظ سینٹر میں متاثرہ دکانیں بھی اصل مالکان کی ملکیت رہیں گی۔ متاثرین کو جلنے والے سامان کی خریداری کے لئے مائیکرو فنانس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔