اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے پاکستان ٹیلی ویژن کی نجکاری کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے سرکاری ٹی وی کی نجکاری کی خبروں کو بے بنیادقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی وی کی نجکاری نہیں کررہی ،چینل کی تنظیم نو کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چینل کے انتظامی ڈھانچے پر کام کر رہے ہیں ،شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی وی کے کاموں کی نگرانی کے لئے جلد ہی ایک نیا بورڈ آف ڈائریکٹر تشکیل دیاجائے گا۔
واضح رہے کہ پہلے یہ اطلاع ملی تھی کہ حکومت نے سرکاری ٹی وی چینل کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی نجکاری سے متعلق نجکاری کی منظوری دی گئی اور اس معاہدے پر مہر لگانے کے لئے صرف کابینہ کی منظوری کا انتظار تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کی نجکاری کے لئے روڈ میپ بھی تیار کیا تھا اور نجکاری کی تجویز پر کام شروع ہوچکا تھا۔
کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے ان تجاویز کا جائزہ لیا اور نجکاری بورڈ نے ابتدائی تجاویز تیار کیں تاہم اب حکومت نے پی ٹی وی کی نجکاری کے معاملے پر موقف تبدیل کرلیا ہے۔