باکو: آرمینیا ، آذربائیجان اور روس نے ایک ماہ سے جاری خون ریزی کے بعد ناگورنو کراباخ میں فوجی تنازعہ کے خاتمے کے لئے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔
آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشنیان نے منگل کی صبح سویرے سوشل میڈیا پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا ۔کریملن اور آذربائیجان کے صدر نے بھی معاہدے کی تصدیق کردی ہے ۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ آن لائن ملاقات میں کہا کہ سہ فریقی معاہدہ تنازعات کے حل کے لئے اہم نقطہ بن جائے گا۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روسی امن فوجیوں کو ناگورنو کراباخ ،خطے اور آرمینیا کے مابین راہداری میں تعینات کیا جائے گا۔ ناگورنو کراباخ کے رہنما ایریک ہرٹونیان نے کہا ہے کہ وہ جنگ کو جلد سے جلد ختم کرنے پر راضی ہیں۔
آذربائیجان کا کہنا ہے کہ اس نے 1991کی جنگ میں ناگورنو کراباخ کی کھوئی ہوئی زمین اور اس کے آس پاس کے بہت سارے حصے پر قبضہ کرلیا ہے۔
آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشنیان نے کہا ہے کہ ہم کبھی بھی اپنے آپ کو شکست خوردہ نہیں سمجھیں گے اور یہ ہارہمارے قومی اتحاد اور نئے جنم کے ایک آغاز کی حیثیت اختیار رکھتی ہے۔