کورونا ویکسین انسانی جان کی حفاظت کیلئے ناگزیر ہے

تازہ ترین

تازہ ترین

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 150 ملین ڈالرز گرانٹ کی منظوری دیدی ہے،یہ ویکسین پہلے مرحلے میں 1 کروڑ ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو فراہم کی جائے گی،ای سی سی نے وزارت صحت کوورلڈ بینک سمیت دیگر ڈونرز سے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے معاونت طلب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پوری شدت کے ساتھ ملک میں تباہی مچارہی ہے، گزشتہ 4 ماہ کی نسبت نومبر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا اور رواں ماہ کورونا کیسز کی تعداد یومیہ 2 ہزار سے زائد اور اموات بھی 20 سے زیادہ ہورہی ہیں ۔گزشتہ روز پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ اور 42 مزید شہری جاں بحق ہوگئے جبکہ سندھ میں جمعرات کو 15 اور جمعہ کو 19 اموات ہوئیں جو 4 ماہ بعد سب سے زیادہ تعداد ہے، سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 71 ہزار 508 افراد متاثر اور 7 ہزار 603 انتقال کر چکے ہیں۔ملک میں کورونا کے کیسز بڑھتے جارہے ہیں اور موسم سرما میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے کورونا کے کیسز میں اضافے کے خدشات ہیں۔

ملک میں کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں،پاکستانی ماہرین نے چین کے تعاون سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ایک ویکسین کا کامیاب آزمائشی تجربہ کیا ہے ،اسلام آباد کے 2500 ، کراچی سے 1400 اور لاہور میں 800 افراد کو یہ ویکسین پلائی گئی اور یہ افراد ویکسین لگانے کے بعد مہلک وائرس سے صحت یاب ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پارلیمانی سیکریٹری نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈی نیشن ڈاکٹر نوشین حامد کاکہنا ہے کہ 4 سے 5  بین الاقوامی کمپنیاں کورونا ویکسین کیلئے رابطے میں ہیں ، حکومت عوام کوبلا معاوضہ ویکسین فراہم کرے گی۔جنوری کے شروع میں پاکستان کو کچھ ویکسینز ملیں گی، قیمت جو بھی ہو حکومت شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرے گی۔پوری دنیا میں ویکسین کی خریداری کے معاہدے ہورہے ہیں، ہم بھی سب کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ 186 ممالک کوسستی ویکسین دستیاب ہوگی، پاکستان کوواکس پلیٹ فارم سے بھی ویکسین خریدے گا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھنے کے باوجود شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو تیار نہیں ہیں، حکومت نے تقریبات پر پابندی لگادی ہے اور مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن بھی کیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں کورونا کیسز کسی صورت کم ہونے میں نہیں آرہے جس کی وجہ سے حکومت ویکسین کی راہ دیکھ رہی ہے کہ جلد سے جلد کورونا ویکسین دستیاب ہوتاکہ شہریوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔

Related Posts