اسلام آباد: پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت افغانستان کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے صدارتی فرمان کا خیرمقدم کیا ہے۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے گذشتہ ہفتے ان قیدیوں کے لئے حکم جاری کیا تھا جنہوں نے سزا پوری کرلی ہے لیکن وہ جرمانے کی عدم ادائیگی پرقید میں ہیں۔
صدارتی فرمان کے مطابق افغان صدر نے متعدد پاکستانی قیدیوں کو سزاؤں کو معاف کردیا اور ان کی رہائی کا حکم دیا تاہم اس فرمان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ کتنے قیدی رہا ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اس انسانی ہمدردی کے جذبہ کو سراہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی سے ان کے اہل خانہ کو تسلی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد باہمی احترام اور تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم کی توثیق کرتا ہے جس کے نتیجے میں دونوں اطراف کے عوام کو سہولت اور فوائد حاصل ہوں گے۔
دوسری جانب افغان میڈیا کے مطابق متعدد پاکستانی قیدیوں کو دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کے خیر سگالی کے اشارے کے طور پر رہا کیا جائے گا۔