اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے 70 لاکھ افراد نشے کے عادی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ قوم مل کر منشیات کو شکست دے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے نئے ہیڈ کوارٹر کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں منشیات فروشی کے خلاف کام کرنا ہے۔ گزشتہ حکومتوں نے منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر توجہ نہیں دی۔
خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 80ء کی دہائی میں جس کسی نے منشیات سے ناجائز آمدنی حاصل کی، اسے غلط سمجھا ہی نہیں گیا۔ ناجائز طریقے سے پیسہ بنانے والوں کوماضی میں عزت دی گئی۔ منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے معاشرے اور ملک کو نقصان پہنچایا۔
منشیات کے نقصانات اجاگر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے پیسہ رشوت، الیکشن مہم اور مجرموں کو پناہ دینے میں استعمال کیا۔ کرپشن کے پیسے سے سیاستدانوں کی انتخابی مہم چلائی گئی۔ منشیات ایسا ناسور ہے جس کا نقصان گھر سے شروع ہو کر پورے ملک تک پھیلتا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ منشیات ایسا خاموش قاتل ہے جس پر لوگ زیادہ بات نہیں کرتے، ملک کے 70 لاکھ افراد منشیات کے عادی ہیں۔ آئس کا نشہ تعلیمی اداروں اور اسکولوں کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ منشیات کا عادی ایک شخص پورے گھر کو تباہ کردیتا ہے۔ منشیات اور کرپشن ذہنی کیفیت اور اصولوں کو تباہ کردیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے معاشرے کو منشیات کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔ منشیات کے عادی شخص کی صحت سمیت پوری زندگی نشے سے متاثر ہوتی ہے۔ برائی اور کرپشن کو روکنے کیلئے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آئس کا تعلیمی اداروں میں پھیلنا افسوسناک ہے۔ منشیات کے خلاف ملک گیر مہم چلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کی بلین ٹری کی تفصیلات سپریم کورٹ کو دینے کی ہدایت
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








