راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید پلی کے قریب سرپرائز ناکہ لگایا جس کے دوران 2 ملزمان گرفتار جبکہ 2 فرار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ بنی کے علاقے شیخ رشید پلی کے قریب پولیس نے سرپرائز ناکہ پر ڈاکوؤں کو روک لیا جس پر پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
شیخ رشید پلی پر ناکے کے دوران پولیس نے 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان کو روکا تو پیچھے سے دوسرے موٹر سائیکل پر سوار ان کے 2 ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان زخمی ہوئے جبکہ باقی 2 فائرنگ کرتے ہوئے موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے زخمی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10 روز قبل چھینا گیا موٹر سائیکل، واردات میں استعمال کیا گیا اسلحہ، 2 پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈکیتی، راہزنی، چوری اور موٹر سائیکل لفٹنگ کی متعدد وارداتوں میں مختلف مقدمات میں نامزد اور مطلوب تھے جن کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل واہ کینٹ میں پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ تیسرا فرار ہو گیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تھانہ واہ کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بجاڑ گاؤں کے قریب ڈاکوؤں سے فائرنگ کےتبادلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گزشتہ روز گرفتار کیا جنہوں نے رات کے وقت لب ٹھٹھو کے علاقے میں ایزی پیسہ شاپ میں ڈاکہ ڈالا تھا۔
مزید پڑھیں: واہ کینٹ میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو گرفتار، تیسرا فرار، مقدمہ درج
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








