کراچی: پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین مرزا ندیم بیگ،وائس چیئرمین مبشر عمرنے بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور کے سی سی آئی کے سابق صدر سراج قاسم تیلی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی آج ایک عظیم لیڈر سے محروم ہو گئی۔
مرزا ندیم بیگ نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کی اللہ سبحان تعالی مرحوم کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ بزنس کمیونٹی ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ سراج قاسم تیلی ایک متاثر کن اور ناقابل فراموش رہنما تھے ان کی بزنس کمیونٹی کے لیے شاندار خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منیجنگ کمیٹی کے رکن، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کسٹم ویلیوایشن سب کمیٹی کے سابق رکن اور پاکستان کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین وسیم الرحمان نے پاکستان کے معروف صنعتکار، سابق صدر کے سی سی آئی اور چیئرمین بی ایم جی سراج قاسم تیلی کے انتقال پر گہرے رنجم و غم کا اظہار کیا ہے۔
وسیم الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سراج قاسم تیلی تاجر وصنعتکاروں کے دلوں کی مضبوط آواز تھے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں کبھی تاجر برادری کو تنہا نہیں چھوڑا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔