راولپنڈی:پولیس نے خواتین کو ہراسگی،گھریلو تشدد اور زیادتی سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے خصوصی یونٹ قائم کر دیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے قائم کردہ اپنی طرز کے پہلے یونٹ کا نام ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ ہے، خواتین جنسی زیادتی، گھریلو تشدد یا کام کی جگہ ورک پلیس پر ہراسگی کی شکایات رپورٹ کر سکیں گی۔
ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ خواتین کی شکایات پر انکی دہلیز پر پہنچ کر سہولیات فراہم کرے گا،شکایت رپورٹ ہونے پر یونٹ خاتون افسر کی سربراہی میں شکایت کنندہ خاتون کے گھر پہنچ کر قانونی کارروائی کا آغاز کریں گی۔
شکایت رپورٹ کرنے والی خاتون کو کسی مرحلہ پر تھانے آنے کی ضرورت نہ ہو گی،شکایت رپورٹ کرنے والی خاتون اگر اپنا نام ظاہر نہ کرنا چاہے تو مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا جائیگا۔
شکایات راولپنڈی پولیس کے یونیورسل ایکسس نمبر 111CPORWP 111276797 پر کسی بھی وقت نوٹ کروائے جا سکیں گی،ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ کی انچارج خاتون آفیسر ہوں گی، جبکہ سینئر افسران براہ راست مانیٹرنگ کرینگے۔
سی پی او محمد احسن یونس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس خواتین پر تشدد، زیادتی اور ہراسگی کے معاملہ میں زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ کا قیام اس عہد کا عملی مظاہرہ ہے،ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ خواتین کو معاشرہ میں اپنے تمام فرائض سرانجام دینے میں مدد دے گا۔