کراچی: ملک کی معروف اداکارہ کنزہ ہاشمی کی معاشرتی مسائل پر مبنی نئی مختصر فلم لیک ویڈیو آج یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی ہے۔جس کو دیکھنے کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلادرد عمل سامنے آرہا ہے۔
اداکارہ کنزہ کی یہ فلم معاشرتی مسئلے پر مبنی ہے جہاں لڑکیاں اپنی عریاں ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں اور پھر معاشرے میں انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بعض اوقات اس طرح کی ویڈیو منگیتر یا حتی کہ میاں بیوی جیسے قریب تر تعلقات میں بھی سامنے آتی ہیں تاہم اس مختصر فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح خواتین ان چیزوں سے محتاط رہ سکتی ہیں۔مختصر فلم میں اداکارہ کنزا ہاشمی اور صدف آشان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ فلم کے ہدایتکارعابس رضا ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر اکبر یزدانی کے مطابق بھارتی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ نے بھی ہم سے رابطہ کیا ہے انہیں ہماری فلم پسند آئی ہے وہ اس فلم کو اپنے پلیٹ فارم پر شیئر کرنا چاہتے ہیں۔مگر اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔