کراچی: سانحہ مچھ کیخلاف ہونیوالے دھرنے کے دوران موٹر سائیکلیں جلانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آرکے مطابق واقعے میں شرپسندوں کی جانب سے 6 موٹرسائیکلیں جلائی گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سانحہ مچھ کے خلاف دھرنوں کے دوران شارع فیصل پر موٹر سائیکلیں جلانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ سرکارکی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آرکے متن میں کہا گیا ہے کہ 8 جنوری کی صبح شاہ فیصل کالونی گیٹ کے قریب مظاہرین کا دھرنا جاری تھا کہ اس دوران شرپسند عناصر نے زبردستی راستہ کھلوانے کی کوشش کی اور تلخ کلامی کے بعد مشتعل افراد نے موٹرسائیکلوں کو آگ لگا دی۔
ایف آئی آرکے مطابق واقعے میں 6 موٹرسائیکلیں جلائی گئی تھیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں۔جس کی مدد سے ملزمان کو تلاش کیا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔