اسلام آباد: ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق فیصلہ کرنے کیلئے صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق طلباء کی اسکول اور دیگر تعلیمی اداروں میں آمد سے قبل صوبائی وزرائے تعلیم اجلاس کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے متعلق اہم امور زیرِ غور آئیں گے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی عمل جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ طلباء کی صحت سے بڑھ کر حکومت کیلئے کوئی چیز اہم نہیں ہے۔
صوبہ پنجاب کی کابینہ کمیٹی 18 جنوری سے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کی منظوری دے چکی ہے۔ وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔
صوبائی وزیرِ قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ 8 فروری کو دوبارہ جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے کھلے رکھے جائیں یا نہیں۔ مراد راس کا کہنا ہے کہ بچوں کی حاضری 50 فیصد تک رکھی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایس او پیز پر عمل، تعلیمی ادارے بند کرنے کی ضرورت نہیں۔سعید غنی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








