اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت پانچ رکنی بینچ آج این اے 75 سیالکوٹ ضمنی انتخاب کے دوران 23 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ بیگ گم ہونے سے متعلق کیس کا فیصلہ کریگا۔
توقع ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے نتائج مسترد کرکے دوبارہ پولنگ کرواسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 75 سے مسلم لیگ نواز کی امیدوار نوشین افتخار کو نوٹس جاری کیا ہے، ن لیگ کی امیدوار الیکشن کمیشن میں اپنا مؤقف پیش کریں گی،الیکشن کمیشن چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کے علاوہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی انکوائری رپورٹ کا بھی جائزہ لے گا۔
پیر کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے نوشین افتخار کے ہمراہ الیکشن کمیشن کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے این اے 75 کے ضمنی انتخاب کے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ہے کہ این اے 75 میں مسلم لیگ (ن) ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئی ، انہوں نے ڈسکہ ضمنی پول سے متعلق کیس کی کھلی سماعت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای سی پی کو اعلان کرنا چاہئے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) فاتح رہی۔
نوشین افتخارنے الزام لگایا کہ پولیس حکمران حکومت کی انتقامی سازشوں میں ملوث ہے اور انہوں نے ای سی پی سے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔