کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کیلئے 31 دسمبر 2020 کو جاری کردہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار اورسفری پابندیوں میں 14 مارچ تک توسیع کردی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق جن ممالک سے لوگ پاکستان انے کے خواہاں ہیں ان کی زمرہ فہرست بھی 14 مارچ تک لاگو رہے گی۔ایوی ایشن اتھارٹی نے زمرہ اے ، بی اورسی کے تحت درجہ بند ممالک کی تازہ ترین فہرست بھی جاری کی ہے۔
زمرہ اے فہرست کے مطابق اے کٹیگری والے ممالک سے پاکستان میں داخلے سے قبل کوویڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہے،ان ممالک میں آسٹریلیا ، چین ، عراق ، نیوزی لینڈ ، قطر ، سعودی عرب اور سنگاپور سمیت مجموعی طور پر 24 ممالک شامل ہیں۔
سی اے اے نے کہا کہ زمرہ سی ممالک سے پاکستان آنے والوں کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے رہنما اصولوں کے مطابق اجازت دی گئی ہے۔ سی اے اے نے مزید کہا کہ زمرہ سی ممالک کے لئے 29 جنوری کو دیئے گئے نوٹس میں بتائی گئی پابندیاں 14 مارچ تک موثر رہیں گی۔ان ممالک کی تعداد 15 ہے اور اس میں جنوبی افریقہ ، برطانیہ ، آئرلینڈ اور نیدرلینڈ شامل ہیں۔
29 جنوری کے نوٹس میں ، سی اے اے نے کہا تھا کہ زمرہ سی ممالک سے صرف پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز ، پاکستانی این آئی سی او پی ہولڈرز اور پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) ہولڈرزافراد کو ہی پاکستان جانے کی اجازت ہے ، جب تک کہ ان کا منفی پی سی آر ٹیسٹ ہوتا ہے۔
زمرہ سی ممالک کے کسی بھی مسافر نے مذکورہ بالا معیار کے تحت پاکستان کا سفر کرنے سے پہلے آخری 10 دن کے اندر ایک زمرہ سی ملک کاسفرکیا ہوتو ان کو بھی اضافی شرائط کا پابند کیا جاسکتا ہے جیسا کہ صحت کے متعلقہ حکام نے ان کی آمد پر بیان کیا ہے۔
زمرہ اے یا سی میں درج نہ ہونیوالے تمام ممالک زمرہ بی کے تحت آتے ہیں۔ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان آنے سے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت ہوتی ہے جو سفر سے 72 گھنٹے پہلے لیا جانا چاہئے۔