گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے مابین پی ایس ایل 6 کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ بے حد دلچسپ رہا جسے شائقین کی اکثریت نے بہت پسند کیا اور کھلاڑیوں کو داد سے نوازا، لیکن یہ بات کسی کو معلوم نہیں تھی کہ یہ پی ایس ایل 6 کا آخری میچ ثابت ہوگا۔
تعلیم اور کاروبار کی طرح کھیل کے شعبے پر بھی کورونا وائرس نے حملہ کردیا ہے اور شائقینِ کرکٹ کو پاکستان سپر لیگ کے میچز کا لطف اٹھانے سے روک دیا ہے۔ آئیے پی ایس ایل 6 کے حوالے سے مختلف خبروں کا جائزہ لیتے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ اِس تمام تر صورتحال کا ذمہ دار کون ہے؟
آخری میچ کا احوال
کل 3مارچ کی شب پی ایس ایل کا 14واں میچ ہوا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ملتان سلطانز کے تمام کھلاڑی 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے تھے۔شروع سے لے کر آخری گیند تک کرکٹ کے شائقین نے پی ایس ایل کا یہ میچ بڑی دلچسپی سے دیکھا۔ آج لاہور اور اسلام آباد کا میچ ہونا تھا جسے ملتوی کردیا گیا ہے۔
کرکٹ پر کورونا کا حملہ اور پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج پی ایس ایل 6 کو ملتوی کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیمز کے مالکان کے مابین ایک ورچؤل میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل میچز فوری طور پر ملتوی کیے جائیں۔
کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پی ایس ایل کو فوری طور پر ملتوی کردیا جبکہ یہ فیصلہ غیر معینہ مدت تک کیلئے کیا گیا یعنی ملتوی کیے گئے میچز کے دوبارہ انعقاد کا امکان کب تک ہوگا، فی الحال یہ کسی کو معلوم نہیں۔
قبل ازیں پی ایس ایل میچز کے دوران 7 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ کراچی کنگز کے کھلاڑی ڈین کرسٹین نے پی ایس ایل چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا اور پی سی بی نے بھی ان کے فیصلے کی تصدیق کی۔ مجموعی طور پر اسلام آباد کے 4، لاہور کا 1 اور کوئٹہ کا 1 کھلاڑی اور 1 آفیشل کورونا میں مبتلا ہوا۔
ملک بھر میں کورونا کی صورتحال
کورونا وائرس نے پاکستان کے 5 لاکھ 85 ہزار 435 افراد کو متاثر کیا جن میں سے 13 ہزار 76جاں بحق ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 افراد جاں بحق ہوئے اور 1 ہزار 519 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
وائرس میں مبتلا 5 لاکھ 55 ہزار 242 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ 987 مزید شہریوں نے 1 روز کے دوران کورونا کو شکست دی جس کے نتیجے میں فعال کیسز 17 ہزار 117 رہ گئے۔ مجموعی طور پر کورونا وائرس کی صورتحال گزشتہ دنوں کے مقابلے میں تسلی بخش ہے اور این سی او سی بھی پابندیوں میں نرمی پر غور میں مصروف ہے۔
کھیلے گئے میچز اور پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
کراچی کنگز اور پشاور زلمی نے 5، 5 میچز کھیل کر 3، 3 میں فتح حاصل کی اور 6، 6 پوائنٹس حاصل کیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے 4، 4 میچز میں سے 3، 3 جیتے اور 6، 6 پوائنٹس حاصل کیے۔
ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5، 5 میچز میں سے صرف 1، 1 جیت کر 2، 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی پہلے، پشاور دوسرے، اسلام آباد تیسرے، لاہور چوتھے، ملتان پانچویں جبکہ کوئٹہ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








