ممبئی:دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس نے رواں برس بھارت میں 41 نئے شوز اور فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلیکس نے اپنے اس اقدام کو بھارت میں اگلی بڑی پیشرفت قرار دیا ہے جہاں ویڈیو اسٹریمنگ سروسز بہت زیادہ مقبول ہیں۔
بھارت کی آبادی ایک ارب 30 کروڑ ہے وہ امریکی اسٹریمنگ سروس اور اس کے حریف ایمیزون پرائم ویڈیو اور والٹ ڈزنی کارپوریشن کی ڈزنی ہاٹ سٹار کیلئے ایک وسیع مارکیٹ ہے۔
یہ پلیٹ فارمز، جو مقامی زبان کے مواد کو ایک وسیع پیمانے پر پیش کررہے ہیں، صارفین کو بلنگ کے سستے منصوبوں اور پیش کشوں سے اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ نیٹ فلیکس کے 41 نئے شوز اور فلموں میں بولی وڈ کے بڑے اداکاروں کی فلمیں، اسٹینڈ اپ کامیڈی شوز اور اوریجنل سیریز شامل ہیں۔
نیٹ فلیکس نے بتایا کہ اس سال ریلیز ہونے والے 41 شوز اور فلموں میں سے کچھ بھارت کے ریلائنس انٹرٹینمنٹ، ویاکوم 18 اور بالی ووڈ کے ہدایت کار کرن جوہر کے دھرماٹک انٹرٹینمنٹ پروڈیوس کریں گے۔