اسلام آباد: پاک چین دوستی زندہ باد ، چینی وزیر خارجہ وانگ زی نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید کورونا ویکسین خوراکیں تحفتاً بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہمنصب وانگ ژی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا کی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ چین سے کورونا ویکسین کے حصول کیلئے 100 سے زیادہ ممالک نے رابطہ کیا ہے تاہم چین ترجیحی بنیادوں پر پاکستان کو مزید کورونا ویکسین فراہم کرے گا۔
پریس ریلیز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جذبہ خیرسگالی کے تحت تحفتاً کورونا ویکسین بھجوانے پر چینی قیادت اور چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا چیلنج کے بعد جس طرح چین نے پاکستان کی معاونت کی ہے وہ فقیدالمثال ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاوَن سمیت تمام حفاظتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں کورونا ویکسینیشن سینٹر کی فہرست
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








