اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیلئے وزیرِ اعظم عمران خان نے مشاورت مکمل کر لی ہے جس کے تحت وزارتِ اطلاعات، توانائی، ایوی ایشن، اقتصادی امور اور کشمیر کمیٹی میں ممکنہ طور پر تبدیلیاں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے بعض اراکین اور وفاقی وزراء عہدوں سے فارغ کردئیے جائیں گے۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وفاقی کابینہ میں کچھ نئے چہرے شامل ہوں گے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے وزارتوں میں تبدیلیوں کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
باوثوق ذرائع کے دعوے کے مطابق خسرو بختیار اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔ شبلی فراز کو وزارتِ اطلاعات سے ہٹا کر وزارتِ پٹرولیم اور ایوی ایشن کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ فواد چوہدری سائنس و ٹیکنالوجی کی جگہ اطلاعات یا وزارتِ داخلہ سنبھالیں گے۔
وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی خواہش ہے کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی بھی وزارتِ اطلاعات کے ساتھ ساتھ ان کے ماتحت رہے جبکہ فرخ حبیب کو بھی وزیرِ مملکت بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ شہریار آفریدی سے کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ واپس لے لی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حفیظ شیخ کا عہدے سے ہٹایا جانا پی ڈی ایم کی فتح ہے،بلاول بھٹوزرداری
ذرائع کے مطابق فخر امام کو دوبارہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کو دو الگ حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اطلاعات میں وزیرِ مملکت جبکہ نشریات میں معاونِ خصوصی مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
کابینہ میں بڑے پیمانے پر عہدے تبدیل کردئیے جائیں گے اور بعض بڑے نام عہدوں سے فارغ بھی ہوجائیں گے۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمر ایوب خان سے توانائی اور پٹرولیم کی وزارت واپس لے لی جائے گی، تاہم وزارتوں میں حتمی تبدیلیوں کا فیصلہ وزیرِ اعظم عمران خان کریں گے اور آج شام تک تمام تر فیصلوں کا اعلان کردیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








