لاہور: رمضان المبارک سے چند روز قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا،قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوکنگ آئل کی قیمت میں 9روپے فی لیٹر جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں 7روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس سے درجہ اول گھی 291روپے سے مہنگا کرکے 298روپے کلو کردیا گیاہے اسی طرح کوکنگ آئل 291روپے لیٹر سے بڑھا کر300روپے لیٹر کردیا گیا ہے ۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لئے آنے والے صارفین نے کہا ہے کہ پہلے گھی اور آئل کی قیمتوں میں 7روپے سے9 روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے اور بعد میں رمضان پیکیج کے نام پر دو تین روپے سستا کردیا جائے گا یوٹیلیٹی اسٹورز سستے ہونے کی وجہ سے آتے ہیں لیکن اب یہ بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔
اس سے پہلے 30 مارچ کویوٹیلیٹی اسٹورز پر مشروبات، خشک دودھ، شیمپو اور دیگر اشیا مہنگی کردی گئی تھیں۔منافع خوروں نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج سے قبل شیمپو 10 سے 20 روپے، مشروبات 5 سے 10روپے، مختلف برانڈز کے ٹی وائٹنرز 21 سے 31روپے مہنگی کردیئے۔
دوسری جانب خشک دودھ 50سے 100روپئے، ٹوتھ پیسٹ 15روپے، جوتوں کی پالش 10 اور سویاں 8 روپے تک مہنگی کردی گئی ہیں۔