کراچی:ملک بھر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان میں سوشل میڈیاپر پابندی کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک سوشل میڈیا پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کی وجہ سے ٹوئٹر، واٹس اپ، انسٹاگرام ،یوٹیوب، ٹک ٹاک،ٹیلی گرام اورفیس بک بند کردیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران تحریک لبیک کی طرف سے ڈالا جانیوالا مذہبی مواد ہٹانے کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی لگائی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر ایسا مذہبی مواد موجود ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو اندرونی و بیرونی سطح پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا۔ جس کا ہمارا ملک متحمل نہیں ہو سکتا تھا۔
حکومتی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آج سوشل میڈیا ویب سائٹس کو عارضی طور پر بند کرکے متنازعہ مواد ہٹایا گیا جس کے بعد دوبارہ ویب سائٹس کو کھول دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اطلاعات تھیں کہ کالعدل تحریک لبیک کی جانب سے جمعہ کی نماز کے بعد احتجاج کی پلاننگ کی گئی تھی، اس احتجاج کو روکنے اور کے لئے ہی ہم نے سوشل میڈیا پر پابندی لگائی تھی۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم معذرت خواہ ہیں کہ سوشل میڈیا پر پابندی لگائی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔