لاہور: کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کی لاہور میں ہنگامہ آرائی، ڈی ایس پی کو بے دردی سے تشدد کا نشانہ بناکر4دیگر اہلکاروں سمیت یرغمال بنالیا۔
لاہور سی سی پی او کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے اتوار کے روز نواں کوٹ پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا ،رینجرز اور پولیس کے افسران تھانے کے اندر محصور ہوگئے اور مشتعل افراد نے ڈی ایس پی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق شرپسندوں نے رینجرز و پولیس پر پیٹرول بموں سے حملہ کیا تاہم پولیس اور رینجرز نے ٹی ایل پی کارکنان سے پولیس اسٹیشن کا قبضہ واپس لے لیا ، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے مسجد یا مدرسے کے خلاف کارروائی کا منصوبہ نہیں بنایا اور نہ ہی آپریشن کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے 11 اہلکار ٹی ایل پی کارکنوں کے وحشیانہ تشددسے زخمی ہوئے ہیں اور وہ شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ پولیس نے کارروائی اپنے دفاع اور عوامی املاک کے تحفظ کے لئے تھی۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پولیس نے لاہور کے یتیم خانہ چوک کے آس پاس کے علاقے کو صاف کرنے کے لئے ایک آپریشن کیا ، جہاں کالعدم جماعت کے کارکن احتجاج کررہے ہیں،پولیس اور کارکنوں کے مطابق جھڑپ کے دوران کم از کم تین مظاہرین ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔