کراچی: پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو، وباء نے عید کی خوشیاں نگل لیں، اسٹیٹ بینک نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عیدالفطر پر نئے نوٹ جاری کرنے سے انکار کردیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے امسال عید الفطر پر نئے نوٹ نہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور حکومت کی جانب سے باربار انتباہ جاری کیا جارہا ہے اور آئندہ کچھ دنوں میں پاکستان میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کاقوی امکان ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے گزشتہ روز عوام کومتنبہ کیا تھاکہ جس کو عید کی خریداری کرنی ہے فوری کرکے کیونکہ عید سے پہلے سخت لاک ڈاؤن لگایاجاسکتا ہے جبکہ آج وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان میں ایک ہفتے میں کورونا کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مکمل لاک ڈاؤن کیا جاسکتاہے۔
یاد رہے کہ ہر عید پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے نوٹوں کااجراء کیا جاتا ہے اور یہ نوٹ بچوں اور بڑوں کو عیدی دی جاتی ہے جس سے بچوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے تاہم امسال کورونا کی وجہ سے نئے نوٹ جاری نہ کرنے کے فیصلے پر لوگوں نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔