کراچی :ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی کی بڑی کارروائی،سائبر کرائم سرکل کراچی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الغفار کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرکے باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ۔
ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل میں ایک مقدمہ پہلے سے درج تھاجس میں ملزم ضمانت پر تھا،ملزم پر آئی ٹی کمپنی سے چھ کروڑ تیس لاکھ روپے لینے کا الزام تھا۔
ملزم نے ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے وصول کیے جس کے ثبوت ایف آئی اے نے حاصل کرلیے،گرفتار ملزم کو کل بسلسلہ حصول ریمانڈ عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی میں بھرتی ہونے والی 2 خواتین افسران کو گرفتار کر لیا گیاتھا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی حکام کے مطابق ایف آئی اے میں بھرتی ہونے والی 2 خواتین سمیت 3 سب انسپکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل نے درج کیا اور تینوں سب انسپکٹرز گرفتار کر لیا گیا ہے۔سب انسپکٹرز پر الزام ہے کہ انہوں نے بھرتی ہونے کے لیے محکمانہ مدد حاصل کی جب کہ 2دیگر مقدمات بھی درج کر کے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے ایک کارروائی میں جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو گرفتار کیا تھا۔
ملزم نے شہری سے انٹیلیجنس بیورو میں بھرتی کے نام پر 15 لاکھ روپے لیے تھے، ملزم کے قبضے سے رقم، لیپ ٹاپ اور موبائل برآمد کیا گیا ہے۔