عید کا مطلب خوشیاں ہے اور عید کا تہوار جب بھی ہماری زندگیوں میں آتا ہے تو ہمیں بے پناہ خوشیاں دیکر جاتا ہےاور اگر ہم اپنے خوشیوں میں دوسروں کو بھی شریک کرتے ہیں تو عید کا حقیقی مقصد بھی پورا ہوجاتا ہے اور انسان کو قلبی سکون محسوس ہوتا ہے۔
کراچی میں انڈس اسپتال اپنی طبی خدمات کی وجہ سے کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، یہاں بہترین طبی سہولیات ہر خاص وعام کو بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہیں اورسب سے دلچسپ بات تو یہ ہے کہ یہاں عید کے موقع پر ہر سال مریض بچوں میں ڈھیروں تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں تاہم امسال عید سے قبل انڈس اسپتال نے خوشیوں کا بازار کے نام سے بچوں کیلئے عید بازار کا انعقاد کیا جس میں اسپتال میں داخل اور باہر سے آنیوالے مریض بچوں کو کپڑے، جوتے اور کھلونے دیئے گئے جنہیں پاکر بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔
انڈس اسپتال میں خوشیوں کا بازار کے حوالے سے انڈس اسپتال کی چائلڈ لائف کونسلر مدیحہ مصطفیٰ نے بتایا کہ یہاں ہرسال بچوں میں عید کے کپڑوں اور تحائف کی تقسیم ہوتی تھی لیکن اس بار ہم نے باقاعدہ عید بازار کا اہتمام کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عید بازار میں باقاعدہ اسٹالز لگائے گئے ہیں بچوں کو کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ ساتھ ضروریات زندگی کی تمام اشیاء مفت فراہم کی جارہی ہیں اور بچے جوق در جوق یہاں آرہے ہیں اور اپنی من پسند اشیاء یہاں سے لے رہے ہیں۔
مدیحہ مصطفیٰ نے بتایا کہ ہم نے ایک ہزار بچوں کیلئے اشیاء کا انتظام کیا ہے، یہاں لڑکیوں کیلئے چوڑیاں،جیولری اور دیگر سامان بھی موجود ہے جو بالکل مفت ہے اور لڑکوں کیلئے گھڑیاں، چشمے اور دیگرسامان بھی موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں داخل یا بیمار بچے اکثر عید کے موقع پر شاپنگ سے محروم رہ جاتے ہیں اور بعض والدین مالی مسائل کی وجہ سے بھی اپنے بچوں کو عید پر نئے کپڑے دلوانے سے قاصر ہوتے ہیں تو ان کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ بچوں کی شاپنگ کی خواہش کو ضرور پورا کیا جائے۔
مدیحہ مصطفیٰ نے بتایا کہ یہاں تمام اشیاء معیاری ہیں اور ہم خود یہ سامان خرید کرلاتے ہیں اور خود پیک کرکے اسٹالز پر رکھتے ہیں، بعض اوقات مخیر حضرات بھی اس میں تعاون کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر ہم سب کو مفلس اور نادار لوگوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے اور مستحقین کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








